وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واﺅڈا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

87

اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واﺅڈا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتیں ملک کی کمزور معیشت اور موجودہ افراط زر کی ذمہ دار ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے موجودہ حکومت بہت مشکل اور سخت فیصلے کر رہی ہے، تاہم ملک کے روشن مستقبل کے بہت سے نشان واضح نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جیسی ایماندار اور دیانتدار قیادت کی وجہ سے بین الاقوامی برادری بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت بنانے کے لیے پی ٹی آئی نے عوامی مینڈیٹ حاصل کیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری اور توانائی کا بحران پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کے بڑے مسائل تھے لیکن اس کے رہنما ان مسائل پر قابو پانے کے لیے منصوبے شروع کرنے کے بجائے پیسہ کمانے میں مصروف رہے۔