وزیراعظم عمران خان کاکنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین برطانوی رکن پارلیمنٹ برینڈن لیوس سے ملاقات میں اظہار

119

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات تاریخی روابط اور وسیع تر علاقائی و بین الاقوامی امور پر یکساں سوچ پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کو موجودہ طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین رکن پارلیمنٹ برینڈن لیوس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین بیسٹ وے گروپ سر انور پرویز، سی ای او بیسٹ وے گروپ ضمیر چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یورپ میں برطانیہ کو اہم ترقیاتی اور تجارتی و سرمایہ کاری شراکت دار تصور کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو بالخصوص بعد از ”بریگزٹ“ موجودہ طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ برطانیہ میں پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان پل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ برطانوی معاشرہ میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے بھارت اور افغانستان سمیت علاقائی صورتحال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات اور بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہر روز بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا۔ کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم سے اتفاق کیا کہ ”بریگزٹ“ سے قطع نظر پاکستان اور برطانیہ تجارتی و سرمایہ کاری روابط کو تقویت دینے کی بہت زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پلوامہ واقعہ کے بعد صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے حوالہ سے وزیراعظم کی قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کو برطانیہ کے دورہ کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔