وزیراعظم عمران خان کی چائنہ سلک روڈ گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین یان لی جن سے گفتگو

158

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ”چائنہ سلک“ کمپنی کی طرف سے ملک میں سستے گھروں کی تعمیر میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار فضاءکی فراہمی کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو چائنہ سلک روڈ گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین یان لی جن سے وزیراعظم آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر ہاﺅسنگ طارق بشیر چیمہ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار اور سیکرٹری ہاﺅسنگ عمران زیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چائنہ سلک گروپ نے وزیراعظم کے کم لاگت کے ہاﺅسنگ منصوبہ میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور پاکستان میں پہلے سے تیار شدہ رہائشی ڈھانچوں کیلئے پلانٹ کے قیام کے ذریعے کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے ارزاں حل کی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے چائنہ سلک کمپنی کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاک۔چین وسیع تر تعاون کو مزید وسعت دینے اور سدا بہار و آزمودہ دوستی کو باہمی طور پر مفید اقتصادی روابط میں ڈھالنے کی بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔