وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور کی پلوامہ اور بارمولہ میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجہ میں پانچ کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت

123
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ اور بارمولہ میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجہ میں پانچ کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی فوج رمضان کریم کے بابرکت مہینے میں بھی نہتے کشمیری مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوج نے اسرائیل طرز کی پالیسی اپنا رکھی ہے اور فلسطین کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا ہو اہے۔ جمعرات کو اپنے ای بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا، جب نہتے کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل نہ کر دیا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ بھارت نے پچھلے 70 سال کی تاریخ سے بھی کچھ سبق حاصل نہیںکیا اور وہ اسی غلط فہمی کا شکار ہے کہ وہ انسانیت سوز، مظالم تشدد اور خواتین سے جنسی زیادتی جیسے شرمناک اور اوچھے ہتھکنڈو ں سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ اچھی طرح جان لینا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خود ارادیت کے حصول سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہیں اور وہ بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کے باوجود اپنا حق خود ارادیت کا حق چھین کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دُنیا یہ دیکھ رہی ہے کہ کس طرح مقبوضہ کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوان حق خود ارادیت کے حصول کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 8 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی، درجنوں کالے قوانین اور پیلٹ گن سے بے خوف کشمیری نوجوان تیزی سے بھارتی فوج کے تسلط سے آزادی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انٹرنیٹ بند کرنے کے باوجود بھارتی ظلم کی داستانیں دُنیا کے سامنے عیاں ہو رہی ہیں جس سے پوری دُنیا میں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو بے حد اخلاقی سپورٹ مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب دُنیا کے اہم ممالک اور ادارے بھی جلد اپنی ذاتی معاشی وسیاسی مفادات کے بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت کا حق دلوانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے۔ وفاقی وزیر نے ایک بار پھر اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان بھارت کی ہر قسم کی جارحیت اور دھمکی آمیز رویہ کو ملحوظ خاطر لائے بغیر اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور دُنیا کے تمام فورمز پر اُن کے حقوق کےلئے آواز کو مو¿ثر انداز سے بلند کرتا رہے گا۔