اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی سے یو این ایچ سی آر کے وفد نے جمعرات کو یہاں وزارت سیفران میں ملاقات کی۔ یو این ایچ سی آر کی کنٹری ڈائریکٹر رویندرینی مینیکدیویلا وفد کی قیادت کر رہی تھیں۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے یو این ایچ سی آر کو افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے عمل کو تیز تر کرنے پر زور دیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی ہی مہاجرین کے مسئلہ کا واحد حل ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی رفتار کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2018ءمیں صرف 1528 مہاجرین وطن واپس گئے جبکہ حالیہ سال 877 مہاجرین وطن واپس گئے ہیں۔ حکومت پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے حکم کے مطابق 16 لاکھ افغان مہاجرین کو بینک اکاو¿نٹس کھولنے کی سہولت دینے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ افغان مہاجرین کی دوسری اور تیسری نسل پاکستان میں ہے اور اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان نوجوانوں کو مفید شہری بنانے کیلئے حکومت پاکستان نے ان کی تعلیم اور روزگار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فنی تربیت کے مراکز بنائے ہیں، اب تک 30 ملین روپے کی لاگت سے 755 نوجوانوں کو جدید فنون کی تعلیم دی جا چکی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری کو اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت ہے۔