ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن سے گفتگو

107

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود اور خوشحالی اور ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو ملک کے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کے زرو پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستا ن آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، صنعت اور دیگر سماجی و معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عصر حاضر معیشت کا دارومدار علم پر ہے اور تعلیم کے ذریعے دنیا کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی طلباء خصوصاًََ ملک کے پسماندہ علاقوں کے طلبا کو آسٹریلیا کے تعلیم اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے وظائف میں اضافے کرنے کے لیے کہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس کے مابین رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان خصوصاًََ بلوچستان کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لیے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اْٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زراعت اور پانی کے شعبوں، پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے آسٹریلیا کی جانب سے تعاون کو سراہا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر انہیں مزید وسعت دینے کا خواہا ں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کا پاکستان کی موجودہ حکومت کا ایجنڈا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین پانی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون 1980 کی دہائی سے چلا آرہا ہے اور پاکستان پانی کی قلت پر قابو پانے میں آسٹریلیا کی تجربات سے مستفید ہو سکتا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ڈپٹی اسپیکر کو بلوچستان میں پانی کی قلت کے خاتمے کے لیے آسٹریلیا کی طرف سے اْٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان میں غربت، ناخواندگی اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے کی تجویز سے اتفاق کیا۔