اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے بدھ کو یہاں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیرِ قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، عامر خان، کنور نوید، وسیم اختر، امین الحق اور فیصل سبزواری شامل تھے۔ وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ گزشتہ دس سالوں میں کراچی اور حیدرآباد میں جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر ان بڑے شہروں کے مکینوں کو سرکاری نوکریوں میں ان کے جائز حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بدعنوانی اور غیر قانونی عمل کی تحقیقات کرائی جائیں۔ وفد نے درخواست کی کہ صوبائی سطح پر این ایف سی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی مالیاتی کمیشن کے قیام پر عمل درآمد کویقینی بنایا جائے۔ صوبائی مالیاتی کمیشن کی تشکیل تک اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کو ترقیاتی فنڈز میں ان کا جائز حق ملے۔ ملاقات میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔