وفاقی کابینہ سے تمباکو کی اشیاء اور چینی والے مشروبات پر ہیلتھ ٹیکس کی منظوری عوام کی فتح ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ، ڈاکٹر ظفر مرزا کا بیان

90

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ، ڈاکٹر ظفر مرزا نے منگل کو وفاقی کابینہ کی طرف سے ان کی وزارت کی سفارش پر تمباکو کی اشیاء اور چینی والے مشروبات پر ہیلتھ ٹیکس کی منظوری کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کی فتح ہے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی مشکلات کے باوجود وزیر اعظم کا اس ٹیکس کی حمایت کرنا صحت کے حوالے سے ان کے عزم کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مثبت اثرات پاکستان کی عوام کی صحت پر مرتب ہوں گے اور یہ اقدام بحثیت قوم اس امرکی طرف بھی اشارہ کرنا ہے کہ ہم اپنی صحت کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور انہوں نے کہا کہ تمباکو کے استعمال سے ہر سال ایک لاکھ ساٹھ ہزار اموات واقع ہوتی ہیں، ملک میں 15.6 ملین افراد تمباکو کا استعمال کرتے ہیں جبکہ 6 تا 15 سال کے 1200 بچے ہر روز تمباکو نوشی کا آغاز کر رہے ہیں۔ تمباکو کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریاں اور ان کے علاج اور معاشی نقصان تقریباً 143.208 بلین روپے ہیں تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے اور ریونیو کو بڑھانے کے لیے وزارت صحت کی تجویز یہ ہے کہ بیس سگریٹ کی ڈبی پر دس روپے ٹیکس لگایا جا ئے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چینی والے مشروبات کے استعمال سے بالخصوص غیر متعدی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت صحت نے سفارش کی ہے کہ اس سلسلے میں 250 ملی لیٹر کے مشروبات پر ایک روپے کا ٹیکس لگایا جائے اس اقدام سے جو یونیو اکٹھا ہو گا وہ ہیلتھ بجٹ کے لیے مختص کر دیا جائے اور غریب عوام کے لیے صحت سہولت پروگرام اور مہلک بیماریوں کے علاج معالجے پر خرچ ہو گا۔