وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی لاہور فیصل آباد سیالکوٹ اور کراچی کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور اور نمائندوں سے گفتگو

148
سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے
سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کاروبار کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے نجی شعبے کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں لاہور فیصل آباد سیالکوٹ اور کراچی کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور اور نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مختلف چیمبرز کے صدور اور نمائندوں نے وزیراعظم کے مشیر کو معیشت کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے ملک میں معیشت اور صنعتی شعبے کو بہتر بنانے کے لئے کئی تجاویز بھی دیں۔ وفد نے بالخصوص برآمدات میں اضافے کے لئے جامع تجاویز دیں۔ اس کے علاوہ نئے مالی سال کے وفاقی میزانیہ کے لئے وفد نے اپنی تجاویز سے بھی وزیراعظم کے مشیر کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت کاروبار کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں نجی شعبہ کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو معیشت کی بہتری اور برآمدات میں اضافے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آنے والے بجٹ میں ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد، وزیر مملکت حماد اظہر، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی اور وزارت خزانہ کے مشیر ڈاکٹر خاقان نجیب بھی موجود تھے۔