وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے

146

مدینہ منورہ ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر جمعرات کو مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم روضہ رسول پر حاضری اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کرنے کے بعد جدہ کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ وزیراعظم مکہ مکرمہ میں 14 ویں اسلامی سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ اجلاس 31 مئی کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی میزبانی میں منعقد ہو گا۔ اس سال اسلامی سربراہی کانفرنس کا موضوع ”مکہ مکرمہ اجلاس: مستقبل کی جانب ہمقدم“ ہے۔ یہ اجلاس امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر یکساں موقف اپنانے کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔