جدہ ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزراءخارجہ کونسل کے اجلاس کے بعد سربراہ سطح کا اجلاس (کل) ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان اجلاس میں شرکت اور اس موقع پر مختلف ملکوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ سربراہ اجلاس کا ایجنڈا طے کر لیا ہے اور اوآئی سی وزراءخارجہ نے اس کی منظوری دےدی ہے۔ جمعرات کو جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جمعرات کو دو بہت اہم نشستیں ہوئی ہیں، ملائیشیاءکے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات بہت مفید رہی۔ ملائیشیاءکے وزیر خارجہ سے ملاقات میں چار شعبہ جات اور فوکل پرسنز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملائیشیاءڈاکٹر مہاتیر محمد کے دورے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات بڑھانے میں یہ اہم ثابت ہوں گے۔ ملائیشیا، ترکی اور پاکستان کے وزراءخارجہ اور وزارت خارجہ کے افسران کا الگ اجلاس ہوا۔ اس نشست میں او آئی سی میں اصلاحات، اسلام فوبیا سمیت دیگر اہم موضوعات پر اہم تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں تینوں ممالک نے او آئی سی اور اقوام متحدہ کے فورم پر مل کر کیسے کام کرنا ہے اس پر غور کیا گیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وطن واپس لوٹ رہا ہوں، وزیراعظم ان باتوں کو آگے لے کر چلیں گے۔