برٹش ایئر لائن کی پروازوں کا آغاز ترقی کی جانب گامزن پاکستان کا عکاس ہے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات

94

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ برٹش ایئر لائن کی پروازوں کا آغاز ترقی کی جانب گامزن پاکستان کا عکاس ہے اور نئے پاکستان اور اس کی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے۔ برطانوی فضائی کمپنی برٹش ایئر ویز کی پہلی فلائٹ کی اسلام آباد آمد کے موقع پر پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے وہ کر دکھایا جو گزشتہ حکومتیں نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ برٹش ایئر لائن کی پروازوں کا آغاز ترقی کی جانب گامزن پاکستان کا عکاس ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پروازوں کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا وزیراعظم عمران خان کے پرامن پاکستان کے بیانیے کی سچائی کو تسلیم کررہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کپتان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا مقصد حاصل کرکے رہیں گے۔