بارہواں آئی سی سی ورلڈ کپ، پاکستان کا انگلینڈ کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 15 رنز سے ہرا کر جاندار کم بیک

91

نوٹنگھم ۔ 3 جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 15 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں جاندار کم بیک کیا، پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، فخر زمان اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو82 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اس کے بعد محمد حفیظ، بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نصف سنچریاں سکور بنا کر ٹیم کے مجموعے کو فائٹنگ بنا دیا، حفیظ 84 بابر 63 اور سرفراز 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنا سکی، جوز بٹلر اور جوروٹ کی سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، اننگز کے 48ویں اوور میں وہاب ریاض نے اپنی آخری دو گیندوں پر معین علی اور کرس ووکس کو آﺅٹ کر کے انگلینڈ کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، وہاب ریاض نے 3، محمد عامر اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔