اسلام آباد ۔ 4 جون (اے پی پی)ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے کمانڈر سنٹرل پنجاب (سی او ایم سی ای پی) کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ منگل کو پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنی نئی ذمہ داریوں کے تحت ریئر ایڈمرل زاہد الیاس اب بہاولپور تا وزیرآباد تک پاک نیوی کے یونٹس اسٹیبلشمنٹس کے کمانڈر اور پاکستان نیوی وار کالج لاہور کے کمانڈنٹ ہوں گے۔ ریئرایڈمرل زاہدالیاس نے پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں 1988 میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے کیریئر کے دوران کمانڈ اینڈ سٹاف کی سطح پر مختلف ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ ان کی بڑی تعیناتیوں میں پی این ایس بابر اور پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر کی تعیناتی بھی شامل ہے اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ اور 18ویں ڈسٹرائیر سکواڈرن کے کمانڈر کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیئے ہیں۔