کارڈف ۔ 4 جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے افغانستان کو 34 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں کم بیک کیا، بارش کے باعث افغانی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 41 اوورز میں 187 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب می افغانی ٹیم 32.4 اوورز میں 152 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سری لنکن باﺅلرز کی نپی تلی باﺅلنگ کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، پرادیپ نے 4 اور مالنگا نے 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، کوسل پریرا نے 78 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا، محمد نبی کی محنت رائیگاں گئی، پرادیپ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے ساتویں میچ میں افغانی قائد گلبدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آئی لینڈرز پہلے کھیلتے ہوئے 36.5 اوورز میں 201 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کپتان دیمتھ کرونارتنے اور کوسل پریرا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 92 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا