آسٹریلیا کو شکست دیکر ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کریں گے، دھونی

86

لندن۔ 8 جون (اے پی پی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سٹار وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو شکست دیکر میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں دفاعی چیمپئنز اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بھی مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور کینگروز کے خلاف میچ کےلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا 14 واں میچ آج اتوار کو لندن میں کھیلا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں دھونی نے کہا کہ میگا ایونٹ کے اپنے ابتدائی میچ میں پروٹیز کے خلاف کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینگروز ٹیم اچھا کھیل پیش کر رہی ہے۔ دھونی نے کہا کہ اس ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑتا کے حریف کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریف کوئی بھی ہو میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔