اسلام آباد ۔ 9 جون (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا میں بجٹ کے حوالے سے غلط رپورٹس شائع کی گئیں،ملک کی ضروریات کوفوکس کرکے بجٹ پیش کیا جارہا ہے، آئندہ بجٹ پاکستان تحریک انصاف کے منشورکی عکاسی کرے گا، ہماری ترجیح ہے کہ بجٹ عوام دوست بنایا جائے، بجٹ طویل مدتی اہداف کو مد نظر رکھتے ہوئے پیش ہو گا، احتجاج اپوزیشن کا بنیادی حق ہے لیکن انتشار کی اجازت نہیں، جہاں احتجاج کی آڑ میں عوام کو ایندھن بنا کر استعمال کیا جائیگا حکومت اپنی ذمے داری پوری کریگی،عوام کرپٹ عناصر کو پہچان چکے ہیں، وہ ان کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے،ہم سیاسی کھلاڑی ہیں ہماری پنجہ آزمائی اپنے حلقوں میں ہوتی ہے،قبائلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں،قبائلی اضلاع میں امن امان خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے،شہیداہل کارہمارے قومی اثاثے ہیں، عالمی برادری میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہے،پاکستان کے عوام کا کھویا ہوا مقام واپس لاناہے،پاکستان کودہشت گردی سے محفوظ بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کافی دنوں سے اپوزیشن کے حوالے سے بات نہیں کررہے تھے جس کی وجہ سے اپوزیشن کے دوست ہمیں شدت سے مس کر رہے تھے کہ ان کے حوالے سے گفتگو نہیں ہورہی تھی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کے حوالے سے ترجیحات طے کی ہیں۔