ٹاﺅنٹن ۔ 11 جون (اے پی پی) پاکستانی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں فتح کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور اب کھلاڑی آسٹریلوی ٹیم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی سے آسٹریلوی ٹیم دوبارہ بہترین ٹیم بن چکی ہے اور اس کے خلاف میچ جیتنے کیلئے جارحانہ حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ (آج) بدھ کو کھیلا جائے گا۔ منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی قائد نے کہا کہ آسٹریلیا کی طرح انگلینڈ کے خلاف بھی ہمارا ماضی کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے لیکن ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دی اور اب کھلاڑی کینگروز کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، بلاشبہ سمتھ اور وارنر کی واپسی سے آسٹریلوی ٹیم میں دوبارہ جان پڑ گئی ہے اور وہ پہلے کی طرح ایک مضبوط ٹیم بن چکی ہے اس لئے فتح کیلئے ہمیں جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ محمد عامر سے بہت توقعات وابستہ ہیں، امید ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو کامیابی دلوانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔