وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بشکیک میں پاکستانی برادری سے خطاب

92

بشکیک ۔ 13 جون (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وسطی ایشیاءکی تمام ریاستیں ہمارے لئے انتہائی اہم ہیں، پاکستان وسطی ایشیاءکی منڈیوں تک رسائی چاہتا ہے، پاکستان میں جوائنٹ وینچر، سرمایہ کاری اور تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، کرغزستان کے ساتھ قریبی روابط چاہتے ہیں، پاکستانی طلباءکرغزستان میں پاکستان کے چلتے پھرتے سفیر ہیں۔ جمعرات کو بشکک میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کرغزستان میں تقریباً 2600 پاکستانی طلباءزیر تعلیم ہیں جو یہاں پاکستان کے چلتے پھرتے سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ طلباءبیرون ممالک پاکستاں کے مثبت تشخص کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیاءکی تمام ریاستیں ہماری لئے اہم اور قریبی ہمسایہ ہیں، ہم وسطی ایشیاءکے تجارتی منڈیوں تک رسائی چاہتے ہیں، وسطی ایشیاءکی نوجوان نسل اپنے مسلم تشخص کو بحال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان ممالک کی آبادی انتہائی کم ہے لیکن ہم ان کی بہت سی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وسطی ایشیاءکے ساتھ آمدورفت کے مسائل موجود ہیں لیکن جیسے جیسے افغانستان کے حالات میں بہتری آئے گی تو وسطی ایشیاءکے ساتھ زمینی راستے کے ذریعے آمدورفت کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہے اگر آمدورفت میں اضافہ ہو تو پاکستان کے شہری یہاں آ سکتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں امن و سکیورٹی کی صورتحال میںبہتری آئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وسطی ایشیاءکے لوگ یہاںآئیں، تعلقات کو وسعت ملے گی۔