وفاقی وزیر نیشنل فوڈسکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان کامعاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

137

اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈسکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں زراعت کے فروغ کے لئے تاریخی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،پہلی مرتبہ وفاق کی سطح پر بجٹ 12ارب مختص کیا گیا ہے ، یکم جولائی سے کسان دوست اقدامات پروگرام کا آغاز کیا جائے گا ،لائیو سٹاک کے فروغ کے لئے زندہ جانوروں کی برآمد ات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، میٹ کی ایکسپورٹ میں اضافے کے لئے چین کے اشتراک کے ساتھ چاروں صوبوں میںایف ایم ڈی زونز بنا رہے ہیں، بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لئے بارانی علاقے میں چھوٹے ڈیمز،کمانڈ ایریاز ،چیک ڈیمز اور پاﺅنڈز بنائے جائیں گے ۔وہ جمعرات کو پی آئی ڈی میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ذاتی مفادات کو ہمیشہ ترجیح دی اور ملک کے بارے میں نہیں سوچا جس سے باقی شعبوں کی طرح زراعت کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے ، اتنی کرپشن کے باوجود ملک چلنے کی وجوہات میں اللہ کا کرم، پاک فوج کا کردار اور کھانے پینے کی اشیاءمیں خودکفالت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو بالکل نظر انداز کیا گیا ، تقسیم برصیغر سے پہلے زراعت کا بجٹ38 ارب روپے تھا لیکن قیام پاکستان کے بعد زراعت کا بجٹ مسلسل کم ہو تا گیا ،اسی طرح تعلیم اور صحت کے شعبوں کی حالت یہ ہے کہ ضلع جھنگ میں کسی شخص کو ہارٹ اٹیک ہو تو وہ لاہور اور ملتان پہچنے سے پہلے اللہ کے پاس پہنچ جاتا ہے ۔ جن لوگوں نے 40سال اس ملک پر حکومت کی وہ بھی علاج کے لئے باہر جاتے ہیں ۔ ان کے لئے پاکستان میں کوئی ہسپتال ہی نہیں بن سکا۔