وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کی پنجاب اسمبلی میںمیڈیا سے گفتگو

91

لاہور۔14 جون(اے پی پی ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مشکل ترین حالات کے باوجود ترقی اور خوشحالی کا ضامن بجٹ پیش کیا۔ یہ بجٹ پنجاب میں بسنے والے تمام محنت کش افراد کے دلوں کی ترجمانی کرےگا۔ تخت لاہور فنانس سسٹم کا قیدی تھا جسے ہم رہا کرنے جا رہے ہیں ۔ عدالتی اور آئینی معاملات کو اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی اکھاڑے کی نظر نہیں کرنا چاہئے ۔ لاہور بار ایسوسی ایشن ، پنجاب بار ایسوسی ایشن اور وکلاءایکشن کمیٹی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے کالے کوٹ کا احترام کرتے ہوئے اپنے کام کو جاری رکھا اور ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ حکومت بنچ اور بار کے درمیان بڑھتے ہوئے خلاءکو ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقاق ہے جس کا جو اختیار ہے اسے بااختیار رہنے دیں۔ محسن داوڑ اور علی وزیر دہشت گردی کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور تمام جماعتیں متفق ہیں کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔