پاکستان بیت المال کے یونیورسٹی آف ملاکنڈ، یونیورسٹی آف بونیر اور یونیورسٹی آف سوات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط

158

اسلام آباد ۔ 19 جون (اے پی پی) پاکستان بیت المال کا یونیورسٹی آف ملاکنڈ، یونیورسٹی آف بونیر اور یونیورسٹی آف سوات کے ساتھ بالترتیب پچاس، پچاس نادار اور مستحق طلبہ کی گریجوایشن و ماسٹر کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ اس ضمن میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ، یونیورسٹی آف بونیر اور یونیورسٹی آف سوات میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ طلباءو طالبات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ الیکشن کے لئے نہیں آئندہ نسل اس کی خوشحالی، فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لئے سوچ رہے ہیں اور اسی ویژن پر وہ اپنی توانائی صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 ماہ کے قلیل عرصے میں پاکستان بیت المال نے 4 ہزار طلباءو طالبات کو سکالرشپ فراہم کی ہے اور اس ضمن میں ملک کی 82 یونیورسٹیوں کو پاکستان بیت المال کی جانب سے خود خطوط ارسال کئے گئے ہیں کہ اگر مستحق اور نادار طلبہ کے لئے سکالر شپ چاہیے تو پاکستان بیت المال سے رابطہ کیا جائے جو ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومتی ادارے نے ایسا اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال 150 سکول، 40 سویٹ ہومز اور 150 وومن امپاورمنٹ سنٹر چلا رہا ہے جس سے مستحق اور غرباءمستفید ہو رہے ہیں جبکہ 50 ہزار معذور افراد کو ان کے استعمال کی مختلف اشیاءبھی پاکستان بیت المال کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں، موجودہ وفاقی حکومت نے پاکستان بیت المال میں بہترین اصلاحات کی ہیں جو حقیقی معنوں میں مستحق، نادار اور غرباءکی خدمت کر رہا ہے۔