اسلام آباد ۔ 19 جون (اے پی پی) جاپان کے پاکستان میں سفیر کونوری متسودا اور ان کی اہلیہ نیکو متسودا نے جاپان سیلف ڈیفنس فورسز ( جے ایس ڈی ایف )کے قیام کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کی۔ ایجوٹینٹ جنرل، جنرل ہیڈ کوارٹرز لیفٹیننٹ جنرل شیر شمشاد مرزا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ جاپان کی ایمبیسی کے ڈیفنس اتاشی کرنل مامرو ننجو نے ڈیفنس فورسز (جے ایس ڈی ایف) کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ استقبالیہ میں سینئر سول و عسکری حکام سمیت سفارتی کمیونٹی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر جاپان کے پاکستان میں سفیر کونوری متسودا نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات کی لمبی تاریخ ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے، ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس ڈی ایف نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان میں اپنے مشن بھیجے اور پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے ۔