وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت 6گھنٹے طویل اجلاس، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لیا گیا

205

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس نے پاکستان کے ہر کونے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لئے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کےلئے اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم ہاﺅس میں تقریباً 6گھنٹے جاری رہا جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ پر پیش رفت کی نگرانی کےلئے اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ ٹاسک فورس تمام متعلقہ محکموں اور وفاقی حکومت اور صوبوں کی ایجنسیوں کے سینئر نمائندگان پر مشتمل ہو گی۔ اجلاس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مکمل امن و آتشی کی بحالی حکومت اور تمام ریاستی اداروں کی اولین ترجیح رہے گی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ انٹیلی جنس ادارے قومی سلامتی کو یقینی بنانے اور قومی مفاد کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں‘ جس کے لئے انہیں تمام ضروری وسائل اور حمایت فراہم کی جائے گی۔اجلاس نے علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا تزویراتی جائزہ لیا اور اس تناظر میں پاکستان کو غیر استحکام کرنے کے لئے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرگرمیوں کے تازہ ترین رجحانات پر بھی توجہ مرکوز کی۔