آئین کے آرٹیکل 149 اور 151 کے مطابق صوبائی فوڈ اتھارٹیز خوراک کے معیار کا تعین کرنے کی مجاز نہیں،وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

294

اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 149 اور 151 کے مطابق صوبائی فوڈ اتھارٹیز خوراک کے معیار کا تعین کرنے کی مجاز نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے مابین ہم آہنگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صوبائی فوڈ اتھارٹیز پاکستان میں اسٹینڈرڈز کا تعین کرنے کی مجاز نہیں ہیں اور قانون کے مطابق ہر قسم کے معیار کا تعین کرنے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔ وفاقی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ صوبائی فوڈ اتھارٹیز کا اسٹینڈرڈز کے نفاذ کے اختیار کا بھی آئین اور قانون کی روشنی میں جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے قیام سے بلدیاتی نظام کی خلاف ورزی کا احتمال ہے۔ یہ دیکھنے کی ضروت ہے کہ فوڈ اتھارٹیز کے قیام کے سبب بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات صوبائی حکومتوں کی جانب سے سلب نہ ہوں۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو اس تمام صورتحال کا قانونی نکات کی روشنی میں تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانونی زاویوں سے جائزہ لینے کے بعد وفاقی حکومت ایک جامع ضابطہ جاری کریگی جس سے تمام اداروں کے درمیان آئین کے مطابق ہم آہنگی کو ممکن بنایا جاسکے گا اور اختیارات کو متعلقہ اداروں کو تفویض کیا جاسکے گا۔