اسلام آباد ۔ 04 جولائی (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب یکساں احتساب پر یقین رکھتا ہے، اس کے لئے سب برابر ہیں چاہے وہ برسر اقتدار ہیں یا نہیں، نیب کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کررہا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو کرپشن سے متاثرہ افراد کو رقوم کی واپسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے متاثرین میں چیک بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ تین مزید کیسز میں تقریباً20 کروڑ روپے سے زائد رقوم 4740 متاثرین اور متاثرہ اداروں کو لوٹائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیب ملک کو کرپشن اور بد عنوان عناصر سے پاک کرنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، بد عنوان عناصر کی وجہ سے پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہیں۔