مجہوئی(آزاد کشمیر) ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بجلی کے تمام منصوبوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے تا کہ ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل ہو اور صنعتی پیداوار کو فروغ ملے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورہ کے دوران اس میگا منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کہی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ذاتی طورپر نگرانی کر رہے ہیں جس سے 969میگا واٹ سستی پن بجلی حاصل ہو گی اور تھرمل پاور کی پیداوار پر انحصار کم ہو گا۔ وزیراعظم نے منصوبے پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تا کہ قومی ترقی کی رفتار تیز ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےلئے قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیلم جہلم منصوبے پر روزگار میں مقامی افرادکو ترجیح دی جائے۔ منصوبے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیراعظم کو بتایا کہ 78فیصد روزگار مقامی لوگوں کو دیا گیا ہے۔ منصوبے پر پیش رفت کے بارے میںبریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے پر 85.3فیصد کام مکمل ہو چکاہے جب کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے وزیراعظم کو بتایا کہ سرنگوں کی تکمیل آخری مراحل میں ہے جبکہ سٹیل لائننگ کا نصف کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ ڈیم کے انفراسٹرکچر اور اس کے سپل ویز کا کام100فیصد مکمل ہو چکا ہے۔