قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم کی پریس کانفرنس

95

لاہور۔9 جولائی(اے پی پی )قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں تمام کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا لیکن بد قسمتی سے ٹیم سیمی فائنل کےلئے کوالیفائی نہ کرسکی ،ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور اب ہمیں ماضی بھول کر آگے کی طرف دیکھنا ہے ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں اوپنر امام الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش رہی تاہم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں شکست اور سری لنکا کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے سے ٹیم کو نقصان ہوا‘ویسٹ انڈیز کے خلاف کم ریٹ کا نقصان کا ٹیم کو آخر تک سامنا کرنا پڑا اور ہم کم رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل کےلئے کوالیفائی نہ کرسکے ۔سرفراز احمد کے میچ کے دوران جمائی لینے اور ٹیم میں گروپنگ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہاکہ بھارت سے میچ ہارنے کے بعد ایسی باتیں نکلتی ہیں ،بھارت سے میچ ہارے تو سب ہی ٹیم کے پیچھے پڑ گئے اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو پہاڑ بناکر پیش کیا جانے لگا لیکن جب قومی ٹیم نے میچز جیتنا شروع کئے تو پھر ایسی باتیں بھی سامنے نہ آئیں ۔