راولپنڈی اسلام آباد سمیت رواں ہفتہ کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی بارشیں ہوں گی

60

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) راولپنڈی اسلام آباد سمیت رواں ہفتہ کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی بارشیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں (اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر) اور وسطی علاقوں (ڈی جی خان، ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، ژوب ڈویژن) میں تیزہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ مون سون بارشوں کی توقع ہے۔ (آج) بدھ کو راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودہا، فیصل آباد، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اس دوران پشاور، کوہاٹ، ژوب اورڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کاکول51، مری55، گوجرانوالہ33، جہلم29، سیالکوٹ (سٹی25، ایئرپورٹ09)، منگلا12، نارووال13، گجرات05، لاہور (سٹی05، ایئرپورٹ01)، راولپنڈی، اسلام آباد02، گڑھی دوپٹہ35، کوٹلی09، مظفرآباد 06 اور راولاکوٹ 03 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو 48، سبی 47، موہنجوداڑو اور روہڑی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔