وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت خزانہ ڈویژن میں قوانین جائزہ کمیٹی کا اجلاس

137

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت جمعہ کی شام خزانہ ڈویژن میں قوانین جائزہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بے نامی لین دین کے امتناع کے بارے میں مجوزہ قانون پر غور کیا گیا جو کچھ عرصہ قبل قومی اسمبلی میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اجلاس میں اس ضمن میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر غور اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ یہ بل بے نامی شکل میں جائیداد رکھنے سے روکتا ہے اور ایسی املاک کی بازیابی یا منتقلی اور بے نامی لین دین سے متعلقہ امور کے حق کو محدود کرتا ہے۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن خان، اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون بیرسٹر ظفر اﷲ خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی خواجہ ظہیر احمد نے اجلاس میں شرکت کی۔