اسلام آباد ۔ 12 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار کے حوالے سے وفاقی و صوبائی قوانین کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ قوانین کو صوبوں کے اشتراک سے مزید آسان بنایا جائے گا تاکہ غیر ضروری شرائط کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر گیلانی، ڈاکٹر سلمان شاہ، ڈاکٹر شمشاد اختر، احمر بلال صوفی و دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں مختلف شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار کی راہ میں درپیش رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کرنے، اسپیشل اکنامک زونز کے قیام، صنعت و حرفت سے وابستہ افراد کو سہولیات بہم پہنچانے اور وفاقی و صوبائی سطح پر کاروباری برادری کے لئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور اس ضمن میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔