اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) وزارت خزانہ نے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کے اطلاق کی منظوری دیدی ہے ۔”اے پی پی“ کے پاس دستیاب اس حوالہ سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق صدرمملکت نے مالی سال 2019-20ءکے وفاقی بجٹ میں پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کی منظوری دیدی ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2019ءسے ہوگا۔ 10 فیصد اضافہ کا اطلاق وفاقی حکومت کے تمام سول ریٹائرڈ ملازمین بشمول ڈیفنس سے پنشن لینے والے سول ملازمین ، مسلح افواج اورسول آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ ملازمین پرہوگا۔میمورنڈم کے مطابق یکم جولائی 2019ءیا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین پر4 جولائی 2011ءکو وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق15فیصد،7جولائی 2015ءکو جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 7.5فیصد،یکم جولائی2016ءجاری نوٹیفیکیشن کے مطابق10فیصد، 3جولائی 2017کو جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 10 فیصد اور 3جولائی 2018ءکو جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 10فیصد اضافے کا اطلاق ہوسکے گا۔ حالیہ10فیصد اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019ءیا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین پر بھی ہوگا۔