اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسسز ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران شعبہ صحت کے لئے مختص رقم میں تین گنا اضافہ کیا جائے گا،وفاقی حکومت نے اپنی حدود میں آنے والے تمام علاقوں میں صحت کے نظام میں مکمل تبدیلی لانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ہے۔ اتوار کوریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمباکو اور مشروبات پر ایکسائز ڈیوٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی شعبہ صحت پر خرچ کی جائے گی،سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے سے سگریٹ نوشی کے استعمال میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپنی حدود میں آنے والے تمام علاقوں میں صحت کے نظام میں مکمل تبدیلی لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے،اس پروگرام کے تحت صحت کی خدمات سکولوں میں بھی فراہم کی جائیں گی۔ پولیو وائرس کی موجودگی بارے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پولیو کے مریضوں کی تعداد کم کرنے کیلئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔