اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے کے معاملہ پر آئی جی اسلام آباد کو رپورٹ سمیت (کل) پیر کو طلب کر لیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے رابطہ بھی کیا۔ اتوار کو سپیکر آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عرفان صدیقی کی اسلام آباد پولیس کی جانب سے گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر نے کہا ہے کہ عرفان صدیقی ایک بزرگ، استاد اور سینئر صحافی ہیں۔ ہمیں قلم کے تقدس اور آزادی اظہار رائے کا احترام کرنا ہو گا۔ قانون کرائے داری کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر کے ہتھکڑی لگانا قابل مذمت ہے۔ وزیر داخلہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کسی سطح پر بھی کسی کے ساتھ نا انصافی برداشت نہیں کرسکتا۔ قوموں کی ترقی و عروج کے حوالے سے علم بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ مہذب معاشروںمیں استاد کا احترام لازم ہوتا ہے اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔