اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور رہے گی، بھارت جان لے کہ لوگوں کی آزادی غصب نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی آزادیوں پر قدغن لگایا جا سکتا، پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم کسی قوم کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں جناح سپورٹس کمپلیکس میں صدارتی اقدام برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ کمپیوٹنگ کے امیدواروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے حالیہ فیصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور رہے گی، بھارت کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ لوگوں کی آزادی کو غصب نہیں کیا جا سکتا، کب تک ظلم کرو گے؟ لوگ خود آزادی حاصل کرینگے۔ لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب تک سمجھ جانا چاہئے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، کسی قوم کو دبایا نہیں جا سکتا۔ صدارتی اقدام برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ کمپیوٹنگ کے حوالے سے صدر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں، ہم اقوام عالم میں علم کی بنیاد پر مقام حاصل کر سکتے ہیں اور نیا پاکستان نوجوانوں کی محنت کے ذریعے ہی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو عالمی معیار کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔