عراق کی جیل سے انتہائی مطلوب قیدی فرار

94

بغداد ۔ 6 اگست (اے پی پی) عراق کی وزارت داخلہ نے کا کہنا ہے کہ بغداد کے ایک پولیس سٹیشن سے فرار ہونے والے افراد میں سے 8 کو پکڑ لیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل سعد معن کے مطابق القنات پولیس سٹیشن کی جیل سے 15 افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ عراقی میڈیا نے ایک وڈیو نشر کی ہے جس میں مذکورہ افراد کے فرار کا منظر نظر آ رہا ہے۔ فرار کی کارروائی کے دوران پولیس سٹیشن کی حفاظتی فورس کے ساتھ کوئی جھڑپ نہیں ہوئی اور سٹیشن بناء پہرے کے نظر آیا۔ فرار ہونے والے تمام افراد کو منشیات سے متعلق مقدمات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ عراقی وزیر داخلہ یاسین الیاسری نے جیل سے فرار ہونے کے واقعے کے بعد تین ذمے داران کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ان میں بغداد پولیس کے سربراہ ، الرصافہ ضلع کے پولیس ڈائریکٹر اور باب الشیخ علاقے کے پولیس سربراہ شامل ہیں۔ فرار کے واقعے کے فوری بعد بغداد میں سخت ناکا بندی کر دی گئی اور مفرور افراد کو پکڑنے کے لیے وسیع پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔