وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ،وزیراعظم کی مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت

209

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح میں بتدریج کمی ، بھارت کے ساتھ تجارت کو معطل کرنے اور معاملہ اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کیاہے، کمیٹی نے بہادرکشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد سے اظہاریکجہتی کیلئے یوم آزادی پاکستان کو یوم یکجہتی کشمیر،15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کے دن کو یوم سیاہ کے طورپرمنانے کافیصلہ بھی کیاہے۔وزیراعظم نے مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت کی۔قومی سلامتی کی کمیٹی کااجلاس بدھ کو یہاں وزیراعظم آفس میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیردفاع، وفاقی وزیرداخلہ، وزیرخارجہ، وفاقی وزیرتعلیم وپیشہ ورانہ تربیت ، وفاقی وزیرانسانی حقوق، وفاقی وزیرامورکشمیروگلگت بلتستان، وزیرقانون، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ واقتصادی امور، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف، پاک فضائیہ کے سربراہ ، نیول چیف، وائس چیف آف نیول سٹاف، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات، ڈائریکٹرجنرل آئی ایس آئی، ڈی جی آئی ایس پی آر، سیکرٹری خارجہ اوردیگر سینئرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بھارتی حکومت کے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات سے پیدا ہونے والی صورتحال ، مقبوضہ جموں وکشمیر اورکنٹرول لائن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔