اقوام متحدہ ۔ 8 اگست (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریش نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے بعد اقوام متحدہ کا پاکستان اور بھارت کے ساتھ مختلف سطحوں پر رابطہ ہے۔ یہ بات سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے بدھ کو نیویارک میں عالمی ادارے کے ہیڈ کوارٹر میں پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔ ترجمان نے اس تاثر کی نفی کی کہ سیکرٹری جنرل دو جوہری پڑوسی ممالک کے مابین کشیدگی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے داخلت کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بے بنیاد ہے، عالمی ادارے کو صورتحال کا بخوبی علم ہے اور حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کے تمام فریقوں سے مختلف سطحوں پر رابطہ کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے تمام فریقوں سے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کو پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مکتوب موصول ہو چکا ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خط کی کاپیاں15 رکنی سلامتی کونسل کے اراکین کو بھی فراہم کی جائیں گی۔