وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یورپی یونین کے خارجہ تعلقات کی نمائندہ فیڈریکا موگرینی سے ٹیلیفونک رابطہ

72
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ملائیشیا اور انڈونیشیا کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو یورپی یونین کے خارجہ تعلقات کی نمائندہ فیڈریکا موگرینی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن و امان کو درپیش خطرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے سے کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بھارت کا یک طرفہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔ انہوں نے یورپی یونین سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس گھمبیر صورتحال کا نوٹس لے اور بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری بدترین مظالم کے فوری خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ بھارت نہ تو عالمی معاہدوں اور نہ ہی باہمی وعدوں کی پاسداری کرنے کو تیار ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق استصواب رائے سے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، بھارت میں جاری کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے اس غیر ذمہ دارانہ اقدام سے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان اس معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کر جا رہا ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ یورپی یونین کے خارجہ تعلقات کی نمائندہ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ یورپی یونین جنوبی ایشیا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے -ہم سمجھتے ہیں کہ باہمی معاملات کے حل کیلئے مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کیا جائے۔ دونوں رہنماو¿ں نے خطے میں امن و امان کیلئے مل کر کام کرنے اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔