چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ خان نیازی کا کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف احتجاج کے حوالہ سے جگہ کا جائزہ لینے کےلئے ڈی چوک کا دورہ

67

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف احتجاج کے حوالہ سے جگہ کا جائزہ لینے کےلئے ڈی چوک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ابو الحسن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد اور اسلام آباد کے صدر فرید رحمان سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر احتجاج کی تیاریوں کے حوالہ سے منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی گئی اور شرکاءکی آمدورفت کیلئے داخلی و خارجی راستوں کا تعین بھی کیا گیا۔ احتجاج کی میڈیا کوریج کیلئے خصوصی انتظامات اور احتجاج میں خواتین کیلئے الگ جگہ مختص کرنے کے انتظامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس حوالہ سے سیف اللہ نیازی نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 کی یکطرفہ منسوخی کا فیصلہ کرکے جنوبی ایشیاءمیں فساد کا بیج بویا ہے۔ مودی سرکار نے طاقت کے بل بوتے پر کشمیر پر مستقل قبضہ جمانے کی کوشش کی۔ مودی نے جو کرنا تھا کر لیا، اب ہماری باری ہے، مودی جانتا ہے ہماری باری لمبی بھی ہوتی ہے اور بھارت کیلئے بہت بھاری بھی، کل مودی کو پیغام دیں گے کہ قوم کیا چاہتی ہے۔