شدید بارشوں کے پیش نظر بجلی کی تقسیم اور ترسیل کار کمپنیوں کی تعطیلات منسوخ ، تمام سٹاف اور افسران کو ڈیوٹیوں پر حاضری کے احکامات جاری

88

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) حالیہ شدید بارشوں کے پیش نظر پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم اور ترسیل کار کمپنیوں کی تعطیلات منسوخ کرتے ہوئے تمام سٹاف اور افسران کو ڈیوٹیوں پر حاضری کے احکامات جاری کردئیے ہیں، سینٹرل اور ڈسکوز لیول پر کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جو ہر گھنٹے کی بنیاد پر رپورٹ بھیجیں گے۔ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے ترجمان نے اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امنے ایک پیغام میں حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں بارشوں کے بعد بجلی فیڈرز کی بحالی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں کہا ہے کہ حیسکو میں فیڈرز کی تعداد 544 ہے جبکہ بارشوں سے 185 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں جن میں سے اب تک 113 فیڈرز بحال کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کے کل 72 فیڈرز میں سے 58 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 42 بحال ہو چکے ہیں۔