سعودی عرب، ڈرائیوروں کی اقامہ فیس میں اضافے کی تردید

108

ریاض ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ڈرائیوروں کی اقامہ فیس میں اضافے کی تردید کردی۔سعودی گھرانوں میں کام کرنے والے ڈرائیوروں کے حلقوں میں یہ افواہ پھیلی ہوئی تھی کہ یکم محرم سے گھریلو ڈرائیوروں کے نئے اقامے اور توسیع کی فیس بڑھا دی گئی۔ افواہ پھیلانے والوں نے یہ بھی دعویٰ کردیا تھا کہ جتنی فیس عام کارکنان کے اقامے کی ہے اتنی ہی نجی ڈرائیوروں کی بھی کردی گئی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ان افواہوں کا نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ دعویٰ سراسر غلط ہے۔ نجی ڈرائیوروں کے اقامے کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ اقامے کی توسیع پر بھی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ 2017ء کے مقابلے میں 2018ء کے دوران سعودی عرب میں نجی ڈرائیوروں کی تعداد میں 7فیصد کمی ہوئی ہے۔ وزارت نے ا س کی وجہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت قرار دیا تھا۔سعودی میڈیا کے مطابق 65فیصد سعودی خواتین ڈرائیونگ کرسکتی ہیں اگر یہ خواتین ڈرائیونگ کرنے لگیں تو ایسی صورت میں غیر ملکی ڈرائیوروں کی تعداد یقینا کم ہوگی۔