پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی، بجلی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بارے وفود کی سطح پر مذاکرات

65

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) سعودی عرب کے توانائی کے نائب وزیر خالد صالح کی سربراہی میں وفد نے اسلام آباد میں وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔سعودی سفیر نواف بن سید المالکی اور توانائی، بجلی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں سے ماہرین بھی سعودی وفد میں شامل تھے۔ پاکستان کی قیادت مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داو¿د نے کی۔ اجلاس میں توانائی، بجلی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اور اعلیٰ سرکاری حکام میں موجود تھے۔مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سرمایہ کاری منصوبوں کو مکمل طور پر سہولیات دی جائیں گی۔ ملک میں توانائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عبدالرزاق داو¿د نے کہا کہ متبادل توانائی پالیسی سے سعودی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع میسر ہوں گے۔ مشیر تجارت رزاق داو¿د کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی سستی نہیں اور موجودہ حکومت متبادل توانائی سے عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا چاہتی ہے۔ قابل تجدید توانائی موجودہ توانائی کے مکس کا تقریباً 4 فیصد ہے جس کو حکومت آئندہ کچھ سالوں میں 20 سے 30 فیصد تک بڑھانا چاہتی ہے۔ مشیر تجارت نے سعودی کمپنیوں کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔