دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کی ہفتہ وار بریفنگ

169

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ رواں سال جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی جبر کا معاملہ بھر پور انداز سے اٹھائیں گے، بلوچستان کے بارے میں بھارتی وزیراعظم کا بیان اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف اور بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا اعتراف ہے، پاکستان کے مختلف حصوں میں پاکستانی عوام بھارتی انٹلیجنس ایجنسیوں کی تخریبی کاروائیوں کا شکار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے جمعرات کو یہاں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران مقبوضہ کشمیر سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف اگلے ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کا معاملہ بھر پور انداز سے اٹھائیں گے، وزیر اعظم اقوام متحدہ میں کشمیر سمیت تمام ایشوز پر بات کریں گے۔ترجمان نے کہاکہ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو کشمیر پر بات چیت کے لیے خط بھی لکھا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے اس ایشو کو مختلف فورمز پر اٹھایا گیا ہے۔پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کے پرامن حل کے لیے بات چیت چاہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی آوازیں دبا کر بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بربریت پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔