سیالکوٹ۔09 ستمبر(اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسوہ شبیری علیہ السلام پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے ، واقعہ کربلا محض ایک حادثہ نہیں دستور حیات ہے ،کربلا کے میدان میں خاندان نبوت کے قیمتی لعل و جواہر شجر اسلام کی حیات کے لئے قربان ہوئے ، اولاد علی علیہ السلام نے اپنا پاک خون دے کر اسلام کو نئی زندگی بخشی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں عزاداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو لوگ حق کی خاطر قربانی دیتے ہیں ،اللہ تعالی اور اس کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی اس سے پیار کرتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ آج ہر گھر میں پرچم حسین سربلند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہا کہ آج جہاں جہاں بھی مسلمان قربانیاں دے رہے ہیں، وہ حضرت امام عالی مقام علیہ السلام کی حیات مبارکہ سے روشنی حاصل کر یں۔ آخری فتح حق و سچ کی ہوتی ہے۔