اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات، تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلا کر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ پیر کو یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں اسد قیصر نے کہا کہ حضرت امام حسین ر ضی اللہ عنہ اوران کے ساتھی قرآنی تعلیمات، برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا اللہ تعالی اور یوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان، بے مثال تقویٰ، بہادری، اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جو قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر نے کہا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معاشرے میں انتشار پھیلارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی تعمیر و تر قی کے لیے خود کو وقف کر دیں۔انہوں نے یوم عاشورہ کی قربانی کو باطل کے خلاف دی جانے والی عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی قیامت تک آنے والوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔