اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبرواستبداد اوربھارت کے غیرقانونی، غیراخلاقی اورغیرانسانی اقدامات سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا سے ملاقات کی اور ان سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جنیوا میں سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبرواستبداد اوربھارت کے غیرقانونی، غیراخلاقی اورغیرانسانی اقدامات سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا سے ملاقات کی اور ان سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن و امان کو درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور انسانی حقوق کونسل کی صدارت کا منصب سینیگال کے پاس ہونے کے سبب ،ہمیں آپ سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ وزیر خارجہ نے سینیگال کے وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر اٹھائے گئے یکطرفہ بھارتی اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اورکہاکہ بھارت نے 5 اگست سے لیکر آج تک مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے انسانوں مسلسل کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے ،بھارتی فورسز رات کی تاریکی میں گھروں میں گھس کر بچوں اور نوجوانوں کو جبراً اغواء کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ ہیومن رائٹس ہائی کمشنر آفس کی جون 2018 اور جولائی 2019 کی رپورٹس ، انتہائی تشویشناک صورتحال کی نشاندھی کر رہی ہیں ،مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے انسانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہو گا۔ سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا نے اس ساری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔








