پنجاب میں موروں کی غیر قانونی تجارت پر 17ملزمان گرفتار، سوا 4لاکھ روپے جرمانہ عائد

محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے موروں کی غیر قانونی تجارت، فالکن،بٹیر اور مرغابی کے شکار میں ملوث17ملزمان گرفتار کر کے ان سے ایک درجن سے زائد معاون شکاری پرندے کبوتر برآمد کر کے7ملزمان کو سوا 4لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ 9ملزمان کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے

لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے موروں کی غیر قانونی تجارت، فالکن،بٹیر اور مرغابی کے شکار میں ملوث17ملزمان گرفتار کر کے ان سے ایک درجن سے زائد معاون شکاری پرندے کبوتر برآمد کر کے7ملزمان کو سوا 4لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ 9ملزمان کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے۔ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز ننکانہ نے فالکن کے ایک غیر قانونی شکاری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 75ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر فیصل آباد نمرہ رشید نے فالکن اور مرغابی کے2 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے ان سے آلات شکار تحویل میں لیکر80ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر گوجرانوالہ تبسم ایمان نے موروں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث1ڈیلر کو گرفتار کر کے 60ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر نارووال حنفیہ یوسف نے جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول1ملزم گرفتار کر کے موقع پر40ہزار روپے جرمانہ کیا۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر راجن پور صائمہ محسن نے مرغابی کے 1شکاری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 1بندوق ،30 ڈیکائے اور1کٹ بر آمد کر کے 1لاکھ روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر میانوالی عبداللہ بلال نے مرغابی، بٹیر اور فالکن کے11غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے ان سے 1درجن کبوتر،کثیر تعداد میں ڈیکائے اور دیگر آلات شکار برآمد کر کے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اسی طرح کی چند دیگر کامیاب کارروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز خانیوال اور وہاڑی نے 2بٹیر نیٹنگ گئیرز ضبط کر کے1ملزم کو 40 ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ دوسرے کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔ایسے ہی ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولپور ریجن مجاہد کلیم کی سربراہی میں بٹیر کے 2نیٹنگ گئیرز تحویل میں لیکر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایسی ہی ایک مزید کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا مقدس گلزار نے بٹیر کے 1غیر قانونی شکاری کو گرفتار کر کے اسے 25ہزار جرمانہ کیا۔