سندھ حکومت کی اولین ترجیح ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے، شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے

کراچی۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے 13ہزار سے زائد اسکیمیں شروع کیں جن میں سے 9 ہزار سے زیادہ مکمل ہو چکی ہیں ، سیلاب متاثرہ علاقوں میں 724کلومیٹر سڑکوں میں سے 80فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دینا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی کے ذریعے لاکھوں افراد کو سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے مختلف تعمیراتی حصوں پر کام تیزی سے جاری ہے، مزید نئی ای وی بسز اور ڈبل ڈیکر بسز جلد کراچی پہنچ جائیں گی۔

سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ عوام کو جلد ثمرات حاصل ہوں۔