وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب

جینیوا ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جبرواستبداد اورغیرآئینی وغیرقانونی اقدامات نے بھارت کا اصل کردار بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے جو خود کو جمہوریت، وفاقیت اور سکیولرازم کا گڑھ بتانے کا ڈھونگ رچاتا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وزیادتیوں کو چھپانے کی کوشش میں انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی سے بھارت ''دہشت گردی'' اور ''سرحد پار دہشت …

جینیوا ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جبرواستبداد اورغیرآئینی وغیرقانونی اقدامات نے بھارت کا اصل کردار بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے جو خود کو جمہوریت، وفاقیت اور سکیولرازم کا گڑھ بتانے کا ڈھونگ رچاتا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وزیادتیوں کو چھپانے کی کوشش میں انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی سے بھارت ”دہشت گردی” اور ”سرحد پار دہشت گردی” کا جھوٹا لیبل استعمال کررہا ہے، سلامتی کونسل جموں وکشمیر کے تنازعہ سے جڑے امن وسلامتی کے پہلووں سے آگاہ ہے، انسانی حقوق کونسل کو ایک بڑا کردار ادا کرنا پڑے گا اور اسے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدام اٹھانا ہونگے، تاریخ ناکام، بربریت پر مبنی مہمات، حقائق کو تبدیل کرنے کے لئے آبادی کے تناسب کی جنگوں سے بھری پڑی ہے، بھارت کو بھی اپنی کوشش میں منہ کی کھانی پڑے گی اور یہ کوشش ناکام ہوگی۔ بھارتی قابض افواج کو بے گناہوں کشمیریوںکا مزید خون بہانے سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ ، عالمی برادری اورانسانی حقوق کی کونسل کواپنا کرداراداکرنا ہوگا، سات دہائیوں سے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو جینیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ وہ انسانی حقوق کی عالمی اقدار کے فروغ اور تحفظ کے لئے ہائی کمشنر محترمہ بیچلیٹ اوران کے دفتر کی خدمات کو سراہتے ہیں اور ان کیلئے یہ بھی اعزاز کی بات ہے کہ وہ آج انسانی حقوق کونسل سے خطاب کررہے ہیں جو عالمی انسانی حقوق کی محافظ ہے اور جو اقوام متحدہ کا تیسرا فعال ستون ہے۔  وزیرخارجہ نے کہاکہ یہ وہ گھر ہے جہاں وہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی استدعا اور مقدمہ لے کر آئے ہیں جن کے بنیادی اور ناقابل تنسیخ انسانی حقوق کو بھارت پاون تلے روند رہا ہے اور اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ایک منظم انداز سے مقبوضہ خطے کے عوام کو ظلم وستم کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہائیوں سے بھارتی جبرو استبداد کا پہلے سے ہی شکار 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کوایک غیرقانونی آپریشن کے ذریعے گزشتہ چھ ہفتے سے عملاً قید کردیاگیا ہے، اس عرصے میں ظلم وبربریت کی شدت میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، پہلے سے موجود7 لاکھ فوج کی تعداد بڑھ کر 10 لاکھ تک جاپہنچی ہے، ان حالات وواقعات نے ایک ملک کا اصل کردار بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے جو خود کو جمہوریت، وفاقیت اور سکیولرازم کا گڑھ بتانے کا ڈھونگ رچاتا ہے۔